شیخ رشید کی ملک میں خانہ جنگی کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی: رانا ثنا اللہ

Published On 03 May,2022 05:48 pm

فیصل آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت کے خلاف پرچے لوگوں نے کٹوائے، مقدمات میں حکومت مدعی ہے نہ گواہ، شیخ رشید کی ملک میں خانہ جنگی کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی، ان کو اگر گرفتاری کا خوف نہیں تو ضمانتیں کیوں کرا رہے ہیں، سابق وزیر داخلہ مسجد نبوی ﷺ واقعے کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔

شیخ رشید احمد کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر داخلہ جیسے لوگ معاشرے میں فتنہ، اشتعال انگیز ی اور خانہ جنگی کے حالات پیدا کرتے ہیں، سستی شہرت کیلئے اوٹ پٹانگ گفتگو سے عوام گمراہ نہیں ہونگے، رمضان کے پہلے عشرے میں تم نے جدہ کے ہوٹل میں پی ٹی آئی عہدیداروں کے ساتھ ملکر سازش تیار کی، اپنی خود غرصی اور ہوس میں تم نے تو اپنے بھتیجے کو بھی نہیں بخشا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ خود مزے سے پنڈی میں عید کر رہے ہو اور وہ تمہارا بھتیجا تمہاری سازش کی وجہ سے عید جیل میں کاٹ رہا ہے، جماعتوں نے آئینی اور قانونی طریقے سے عمران نیازی کو اقتدار سے رخصت کیا ہے، عمران نیازی اور اسکے حواریوں کی ملک پر چھائی ہوئی چار سالہ نحوست اور بے برکتی کا خاتمہ کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عمران نیازی کے پاس اختیار تھا، وقت پر فیصلہ کرتے اور اسمبلیاں توڑ کر نئے الیکشن کروا دیتے، آج حکومت سے اور ریاستی اداروں سے الیکشن کی بھیک کیوں مانگتے ہو؟ الیکشن کا موزوں ترین وقت کون سا ہے یہ فیصلہ اب ہم نے کرنا ہے، قومی خزانے کو لوٹنے اور ملک کو معاشی بانجھ کرنے کا حساب لئے بغیر الیکشن نہیں ہونگے۔

  رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ صاحبزادہ جہانگیرنےبرطانیہ میں نوازشریف کے گھر کے باہر مظاہرے کرائے،انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم قبرکےقریب ہو اور کس قسم کی حرکتیں کر رہے ہو۔

 وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماوں نے امریکا کے خلاف جو بیانیہ بنایا ایسے جھوٹے بیانیے بناتے رہیں۔ پی ٹی آئی کے جھوٹ کی وجہ سے اتحادیوں نے چھوڑ دیا۔ یہ کہتے ہیں ہم نے نہیں کہا، کیا راشد شفیق یہاں سےنہیں گیا۔ روضہ رسولﷺ پر پیش آنے والے واقعہ پر لوگ درخواستیں لیکر تھانے پہنچے، حکومت نے کوئی مقدمہ درج نہیں کرایا، جو لوگ مذہبی جذبات کے ازالے کیلئے قانونی کارروائی کرنا چاہتے ہیں یہ ان کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف پرحملہ کیاگیااس وقت بھی کسی نےمذمت نہیں کی، خواجہ آصف پرسیاہی پھینکی گئی یہ اس وقت خوش ہوتے تھے، ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام دوبارہ شروع کریں گے۔

Advertisement