اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی منحرف ارکان کیخلاف ریفرنس کے معاملے پر منحرف اراکین نے تحریری جوابات جمع کرا دیئے۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے وقت مانگ لیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ نور عالم خان، احمد حسین ڈھیر، رانا قاسم نون، غفار وٹو، مخدوم سمیع الحسن گیلانی، مبین احمد، باسط سلطان سمیت متعدد منحرف اراکین نے جواب جمع کرا دیئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس میں کہا کہ منگل تک ہر صورت دلائل مکمل کر لیں تاکہ فیصلے کیلئے وقت مل سکے۔ ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ 14 مئی تک کمیشن نے فیصلہ کرنا ہے۔
وکیل تحریک انصاف فیصل چوہدری نے الیکشن کمیشن سے جواب پڑھنے کی مہلت مانگی اور استدعا کی کہ سب کے جواب پڑھ لوں پھر دلائل شروع کریں گے۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہمیں تو یہ تھا کہ مہلت منحرف ارکان کے وکلا مانگیں گے، لیکن یہاں تو آپ نے ہی مانگ لی۔ پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت منگل تک ملتوی کر دی گئی۔