کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کراچی میں تنظیمی اختلافات شدت اختیار کرگئے۔ ٹاون سطح پر تنظیم سازی کے فیصلوں میں نظر انداز کیا جانا متعدد ایم این ایز کو ناراض کرگیا۔ عبدالشکور شاد نے سیاست سے دستبرداری کا اعلان کیا تو سابق صدر کراچی اشرف جبار نے تمام صورتحال سے عمران اخان کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان تحریک انصاف کراچی کے تنظیمی اختلافات زور پکڑنے لگے۔ شہر میں ٹاون کی سطح پر پارٹی عہدوں کی تقسیم میں نظر انداز کیا جانا، مختلف ایم این ایز اور سابق عہدیدران کو ناراض کرگیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے صدرعلی زیدی اور کراچی کے صدر بلال غفار کی جانب سے ٹاون کی سطح پر تنظیم سازی میں ایم این ایز اور دیگر عہدیداران کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ ایم این اے کیپٹن جمیل، عبدالشکور شاد، فہیم خان، عطااللہ ایڈوکیٹ سمیت دیگر اراکین اسمبلی کو فیصلوں پر شدید تحفظات ہیں جبکہ لیاری سے منتخب ایم این اے عبدالشکور شاد نے گذشتہ روز طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے سیاست سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ تاہم پس پردہ بنیادی وجہ یہی اختلاف ہے۔
دنیا نیوز سے گفتگو میں پی ٹی آئی کراچی کے سابق صدر اشرف جبار قریشی کا کہنا تھا کہ من پسند اور خوش آمدی افراد کو عہدے دیے جا رہے ہیں، ملاقات کا وقت لیا ہے تمام صورتحال سے پارٹی چئیرمین عمران خان کو آگاہ کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان فیصلوں سے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔
اس سے قبل علی زیدی کے بطور صدر پی ٹی آئی سندھ تقرری پر بھی اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ سمیت دیگر کئی رہنما تنظیمی عہدوں سے مستعفی ہوگئے تھے۔