لاہور ہائی کورٹ: شیخ رشید کی 18 مئی تک قبل از گرفتاری عبوری ضمانت منظور

Published On 06 May,2022 03:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی 18 مئی تک قبل از گرفتاری عبوری ضمانت منظور کرلی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عبدالعزیز نے شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد شیخ رشید کی عبوری ضمانت منظور کرلی اور تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔ اس سے پہلے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جج جسٹس شہزاد احمد خان نے شیخ رشید کی قبل از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت سے معذرت کر لی۔

بعدازں شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جسے جھوٹا مراسلہ کہتی تھی اسے تسلیم کرلیا، حکومت نے کہا آئیں اس پر بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ میانوالی جا رہا ہوں، امید کرتا ہوں آج عمران خان لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے، ریل میں ہوا یا جیل میں، عمران خان کیساتھ ہوں گا، فوج کیساتھ ہمارے تعلقات کشیدہ تھے نہ ہیں، نہ ہونے چاہئیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہمیں الیکشن کیلئے ووٹ مانگنے کی ضرورت نہیں، عمران خان کا بیانیہ غیرت اور خودداری کی وجہ سے بلند ہوگیا، اداروں کو کہنا چاہتا ہوں 31 مئی سے پہلے الیکشن کا اعلان کر دیں، یہ دنیا میں جہاں جائیں گے انہیں چور کہا جائے گا، 15 اور 20 مئی کو قوم کو اعتماد میں لوں گا، عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔
 

Advertisement