بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شہری خوفزدہ

Published On 06 May,2022 05:20 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ شہری خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کاورد کرتے رہے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق چاغی اور واشک میں صبح 5 بج کر 48 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت 5.1 ریکٹر سکیل اور گہرائی دس کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز چاغی کے ضلعی ہیڈ کوارٹر دالبندین سے 56 کلومیٹر جنوب میں واقع تھا۔

حکام کے مطابق واشک سٹی، تحصیل شاہیو گیڑی اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور گھروں سے باہر نکل آئے۔ اس کے بعد خضدار اورلسبیلہ میں بھی 11 بج کر 21 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت چاغی اور واشک میں آنے والے زلزلے سے زیادہ تھی جس کے باعث کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.3 ریکٹر سکیل ریکارڈ کی گئی ہے اور اس کی زیرزمین گہرائی صرف آٹھ کلومیٹر تھی جبکہ مرکز خضدار سے 80 کلومیٹر دور جنوب میں تھا۔
 

Advertisement