لاہور: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی پنجاب میں سپیکر اور گورنرشپ کا عہدہ لینے سے دستبردار ہوگئی۔
پیپلزپارٹی کے وفد کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ مسلم لیگ ن اور پی پی میں پاور شیئرنگ حوالے سے اہم پیش رفت، پی پی نے پنجاب میں 3 وزارتیں، 2 سے زائد معاون خصوصی کے عہدے مانگ لیے۔ قائمہ کمیٹی کی چیئرمین شپ اور 2 پارلیمانی سیکرٹری کے عہدے بھی طلب کرلئے۔ پیپلزپارٹی نے اہم اداروں اور کارپوریشنز میں اہم تقرریوں کا بھی مطالبہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی جانب سے وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔ پنجاب کی ترقی کے لیے دونوں جماعتوں کا مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوگیا۔ پی پی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ کو سینئر وزیر بنانے کا امکان ہے۔ ممکنہ وزرا میں حیدر گیلانی، سید عثمان، ممتاز علی چانگ شامل ہیں جبکہ شازیہ عابد، غضنفر عباس گنگا، رئیس نبیل بھی عہدوں کی دوڑ میں شامل ہیں۔ پی پی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد چیمہ کو معاون خصوصی بنانے کا امکان ہے۔ پاور شیئرنگ فارمولے پر ن لیگ کی اعلیٰ قیادت سے مشاورت ہوگی۔