کراچی: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آزادی صحافت کے عالمی دن پر دنیا بھر کے صحافیوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ کہتے ہیں میڈیا سے وابستہ کارکنان کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کا آٸین آزادی صحافت اور شہریوں کی درست اطلاع تک رساٸی کے حق کی ضمانت دیتا ہے۔ پیپلز پارٹی نے آزادی تحریر و تقریر پر کبھی بھول کر بھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 1988میں میڈیا کے خلاف کالے قوانین کا خاتمہ کیا۔ دنیا بھر میں میڈیا سے منسلک کارکنان کو مشکل حالات کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیک نیوز اور نفرت انگیز پروپیگنڈہ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ دنیا بھر میں میڈیا سے وابستہ کارکنان کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔