بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ حلف اٹھا لیا، چینی سفارتخانے آمد

Published On 27 April,2022 08:34 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر چینی سفارتخانے پہنچے ، کراچی دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے اور کہا کہ دہشتگرد پاک چین دوستی کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔

چینی سفارت خانہ آمد کے موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے جانی نقصان پر چینی حکام سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کا رشتہ نسل در نسل وفاؤں کا ایک سلسلہ ہے، دہشت گردوں نے پاک چین دوستی کی اساس پر ضرب لگانے کی ایک ناکام کوشش کی، دہشت گردوں کے مذموم ارادے، پاک چین دوستی کو سبوتاژنہیں کرسکتے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور حنا ربانی کھر نے چینی سفارت خانے میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔

 بلاول بھٹو نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھالیا

 شہباز حکومت کی کابینہ میں مزید توسیع ہوگئی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ بلاول بھٹو وزیر خارجہ کا قلمدان سنبھالیں گے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر مملکت عارف علوی نے بلاول بھٹو سے حلف لیا۔

تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، سابق صدر آصف زرداری، راجہ پرویز اشرف اور پی پی قیادت سمیت دیگر حکومتی اراکین نے بھی شرکت کی جب کہ اس موقع پر بلاول بھٹو کی بہن آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔

تقریب حلف برداری کے بعد صدر مملکت عارف علوی نے بلاول بھٹو سے مصافحہ کیا اور انہیں مبارکباد دی جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو سے گلے مل کر انہیں مبارکباد دی۔

واضح رہےکہ وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ میں حنا ربانی کھر وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہیں۔

Advertisement