کراچی:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ غیر ملکیوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے اور دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔
کراچی یونیورسٹی میں چینی اساتذہ کی گاڑی پر خودکش دھماکے کے واقعہ کے بعد وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے شہر قائد کا ہنگامی دورہ کیا، دورے کے موقع پر رانا ثناء اللہ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں مرادعلی شاہ سے خصوصی اور تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ بدقسمت واقعہ تھا جس میں اساتذہ کو نشانہ بنایا گیا، ہمیں اپنی سکیورٹی مزید بہتر کرنی ہوگی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں مل کر ملک کو اس قسم کی دہشتگردی سے پاک کرنا ہے۔
ملاقات کے بعد وفاقی وزیر داخلہ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کی، اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر اعلیٰ اور متعلقہ افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ دھماکہ خودکش تھا، جس میں چار افراد لقمہ اجل بنے، دھماکے میں 3 کلو بال بیئرنگ کا استعمال کیا گیا، دھماکے کے تھوڑی ہی دیر بعد بی ایل اے مجید بریگیڈیئر نے سوشل میڈیا کے ذریعے جوابداری قبول کی، وزیر داخلہ کو حملہ آور سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ خودکش بمبار خاتون 20 مارچ کو کراچی آئی تھیں، تحقیقات میں کچھ مزید مشکوک گاڑیاں نظر آرہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ بولے آئی جی پولیس کی بریفنگ بھی حوصلہ افزا تھی، مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، غیر ملکیوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا، خودکش حملہ آور خاتون کے شوہر کی گرفتاری پر بھی وفاقی وزیر داخلہ نے تبصرہ کیا۔
رانا ثناء اللہ اور وزیر اعلیٰ سندھ نے دھماکے میں جاں بحق وین ڈرائیور کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی اور ڈرائیور خالد نواز کے بھائی سے تعزیت کرتے ہوئے ہمددری کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے 1 کروڑ جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے 10 لاکھ روپے متاثرہ خاندان کے لئے امداد کا اعلان کیا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ، وزیر اعلیٰ سندھ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی کے ہمراہ چینی قونصل خانے بھی گئے جہاں چینی قونصل جنرل سے ملاقات کی اور واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔
جامعہ کراچی دھماکا: وزیر داخلہ کا مجرموں کوعبرت کا نشان بنانے کے عزم کا اظہار
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے جامعہ کراچی دھماکے کے مجرموں کو عبرت کا نشان بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی پر حملہ ہوا ہے، پوری قوت سے نمٹیں گے۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر آج کراچی جا رہا ہوں، پورا پاکستان اپنے چینی بھائیوں سے بھرپور یکجہتی کرتا ہے، یہ ہمارا مشترکہ غم ہے، پاک چین دوستی پر حملہ ہوا ہے، پوری قوت سے نمٹیں گے، متعلقہ حکام سے ملاقات کر کے حقائق معلوم کروں گا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی میں تحقیقات سے عظیم دوست چین کو مکمل طور پر آگاہ رکھیں گے، چینی باشندوں کی سکیورٹی کے تمام آپریٹس کا ازسرنو جائزہ لیں گے، سکیورٹی کے مکمل جائزے کے بعد موثر اقدامات کریں گے، باریک بینی سے ہر پہلو کی جانچ کریں گے، مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔