اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک کے مقتدر حلقوں کو کہتا ہوں جلد انتخابات کرائیں، نواز شریف نے 14مرتبہ فوج اور آرمی چیف پر تنقید کی۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی ف، ن لیگ نے بھی عوامی رابطہ مہم شروع کر دی ہے، پیپلز پارٹی کے علاوہ تمام جماعتیں انتخابی عوامی رابطہ مہم شروع کرچکی ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم کو حنیف عباسی کی بطور معاون خصوصی تقرری کے فیصلہ پر نظرثانی کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے حنیف عباسی کی بطور معاون خصوصی برائے وزیر اعظم کے خلاف شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کی۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حنیف عباسی کو ٹرائل کورٹ سزا دے چکی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے صرف ان کی سزا معطل کی ہے۔
چیف جسٹس نے شیخ رشید کوروسٹرم پر بلا کر ریمارکس دیئے کہ جلسوں میں روز کہا جاتا ہے کہ عدالتیں رات کو کیوں کھلی ؟ اس عدالت میں لاپتہ افراد، بلوچ سٹوڈنٹس کیسز ہیں، عوام کا اعتماد خراب نہ کریں، منگل تک کا وقت دیتے ہیں سوچ لیں کہ عدالت پر اعتماد ہے یا نہیں، کیس دوسری عدالت منتقل کر دیتے ہیں۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وہ سوچ سمجھ کر آئے ہیں اور عدالت پر مکمل اعتماد ہے۔