لاہور:(دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سمجھتا ہوں عمران خان کے ساتھ زیادتی ہوئی، فوج خاموش نہیں، اسے حالات کی خبر ہے، بس غلط شاٹ لگ گئی اور سلپ میں کیچ ہوگیا، اداروں کو کہنا چاہتا ہوں 31 مئی سے پہلے الیکشن کا اعلان کر دیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریل ہو یا جیل میں عمران خان کے لانگ مارچ کے ساتھ ہوں، 6 ماہ سے کہتا آرہا ہوں کہ مارچ میں ہمارے خلاف سازش ہوگی اور اب یہ سازش ان کے گلے پڑگئی ہے، ان موجودہ حالات کا صرف ایک ہی حل ہے الیکشن، الیکشن اور الیکشن۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت 31 مئی سے پہلے انتخابات کرا لے، دنیا میں کہیں بھی جائیں گے لوگ ان کو چور ہی کہیں گے، الیکشن میں آصف زرداری رکاوٹ ہیں، فیصلہ ہوجائے گا تو یہ جوڈیشل کمیشن بھی مانیں گے،31 مئی سے پہلے الیکشن کی طرف آئیں گے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی ہے۔
شیخ رشید نے مسجد نبوی ﷺ واقعے پر مختلف شہروں میں 9 مقدمات کے اندراج کے بعد عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں کہا کہ یہ بات ثابت ہوگئی کہ مداخلت سازش سے زیادہ خطرناک ہوتی ہے، دو ووٹوں کی اکثریتی حکومت دو ماہ میں ہی سیاسی طور پر ختم ہو جائے گی، عمران خان میانوالی جلسے میں لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے، پھر لگ پتہ جائے گا سیاست آر ہوگی یا پار ہوگی۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) May 6, 2022
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے لئے بہتر یہی ہے کہ 31 مئی سے پہلے پہلے نئے انتخابات کا اعلان کر دیا جائے، جس سامراجی مراسلے کو جو عمران خان کی حکومت ختم کرنے کے خلاف سازش تھا اس کو حکومت بے بنیاد اور جعلی قرار دیتی تھی اور آج خود اپنے بیانیے کیخلاف تحقیقاتی کمیشن بنانے کا اعلان کر رہے ہیں جبکہ عمران خان جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کر رہا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ یہ بات ثابت ہوگئی کہ مداخلت سازش سے زیادہ خطرناک ہوتی ہے جیسے کہ انگریز نے برصغیر میں کی اور ن لیگ کی طرف سے جلسوں کی ابتداء جلد الیکشن کی ایک کڑی ہے۔