عمران خان کا سازش کا موقف غلط، آئینی طریقے سے ہٹایا گیا: بلاول

Published On 10 May,2022 10:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کا سازش پر موقف غلط ہے کیونکہ انہیں جمہوری سازش کے ذریعے ہٹایا گیا۔ انہیں آئینی طریقے سے ہٹایا گیا۔ انہیں امریکا نے نہیں بلاول ہاؤس نے سازش سے ہٹایا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں وفاقی کابینہ میں شامل پی پی پی کے وزراء کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پی پی پی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزراء نے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پی پی پی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزراء نے اپنے اپنے محکموں سے متعلق مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے، آپ گزشتہ حکومت کی نااہلیوں کے سبب مشکلات میں گھرے عوام کے مسائل کو حل کریں۔ مجھے بخوبی احساس ہے کہ عمران خان کی نااہل اور نالائق حکومت آپ کے لئے مسائل کا پہاڑ چھوڑ کرگئی ہے۔

بلاول نے مزید کہا کہ آگے بڑھیں اور اپنے کردار سے عوام کو پیغام دیں کہ خدمت ہی آپ کی سیاست ہے، پیپلزپارٹی کا ہر وزیر بلاتفریق ہر پاکستانی کے مسائل حل کرنے کا پابند ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو بھی آئین توڑتا ہے اس کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ ہونا چاہیے۔ 3 سے 10 اپریل اور اس کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان نے جو کچھ بھی کیا اور کیا وہ آئین کو پامال کرنے کے مترادف ہے۔ ہمیں اپنے آئین پر فخر ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا اس وقت دورہ امریکا کا کوئی حتمی منصوبہ نہیں ہے۔ پی پی پی کے پاس پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت ملک میں بجلی کے کئی منصوبے تھے لیکن عمران خان کی نااہل حکومت نے ہمارے پاور پراجیکٹس کو تباہ کر دیا۔

بلاول کا کہنا تھا کہ عمران خان کا سازش پر موقف غلط ہے کیونکہ انہیں جمہوری سازش کے ذریعے ہٹایا گیا۔ انہیں آئینی طریقے سے ہٹایا گیا۔ انہیں امریکا نے نہیں بلاول ہاؤس نے سازش سے ہٹایا۔ اب سابق وزیراعظم ریاستی اداروں پر حملے کر کے پاکستانی جمہوریت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ان کو پارلیمنٹ میں واپس آکر اپوزیشن لیڈر کے طور پر کام کرنا چاہیے۔
 

Advertisement