سیالکوٹ: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چودھری نےکہا ہے کہ جلسے روکنا، گرفتاریاں کرنا بھونڈی باتیں ہے، عام انتخابات کی طرف بڑھنا چاہیے، انہوں نے سیالکوٹ کا جلسہ روکا آج ہر شہر میں جلسے ہوں گے، جلسوں کو نہیں روکا جاسکتا۔ عمران خان کی حکومت میں پاکستان استحکام کی طرف جارہا تھا، امریکا کے حکم پرسازش کے ذریعے رجیم چینج کر دی گئی، بڑے ڈاکومسلط کیے گئے یہ پاکستان کو سری لنکا بنا کر چھوڑیں گے۔
سیالکوٹ میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کے حالات اورلندن کی تصویروں کو دیکھیں، جب روم جل رہا تھا تونیروبانسری بجارہا تھا، لندن کی تصاویروں سے لگتا ہے پاکستان میں کوئی پرابلم نہیں، اس وقت پاکستان میں 2 وزرائے اعظم، 2 وزرائے خزانہ ہیں، سٹیٹ بینک کا گورنر ہی نہیں، پنجاب میں کابینہ نہیں اور جعلی وزیراعلیٰ موجود ہیں، پچھلے 9 دنوں میں ڈالر15روپے بڑھ چکا ہے،اسٹاک مارکیٹ3500پوائنٹس گرچکی ہے
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی خوش آمد کرنے والی حکومت کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سے کچھ نہیں ملا، پاکستان کی عوام جعلی امپورٹڈ حکومت کے خلاف بغاوت کرچکے ہیں، ایل این جی کے مہنگے ترین سودے کیے گئے، پاکستان کا سب سے بڑا کرائسز فارن رزرو نہیں اور ڈالرکی قیمت بڑھ رہی ہے، ملک میں انرجی منسٹرہی کوئی نہیں، پنجاب کی 66 فیصد آبادی میں کوئی حکومت ہی نہیں، بہت بڑا ایگری کلچرکا بحران ہے، عمران خان کی حکومت میں پاکستان میں حالات بہتر ہو رہے تھے، عمران خان کی حکومت میں پاکستان استحکام کی طرف جارہا تھا، امریکا کے حکم پرسازش کے ذریعے رجیم چینج کر دی گئی، بڑے ڈاکومسلط کیے گئے یہ پاکستان کو سری لنکا بنا کر چھوڑیں گے۔
فواد چودھری نے کہا کہ سابق قائد ایم کیو ایم پہلے رابطہ کمیٹی کو لندن بلایا کرتا تھا، یہ نیا الطاف حسین ہے جس نے پوری کابینہ کو ہی لندن بلا لیا، عام انتخابات کی طرف بڑھنا چاہیے، انہوں نے سیالکوٹ کا جلسہ روکا آج ہر شہر میں جلسے ہوں گے، جلسوں کو نہیں روکا جاسکتا، کل انہوں نے ایک صحافی کو وزیر بنا دیا۔ یہ سمجھتے ہیں 8 سے 10 صحافیوں کوساتھ ملا کر رائے عامہ بدل دیں گے، پاکستان کی عوام عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے، جلسے روکنا، گرفتاریاں کرنا بھونڈی باتیں ہے، رانا ثنا اللہ نے چرچوں کی زمینوں پر قبضے کیے، آشیانہ ہاؤسنگ چرچ کی زمینوں پربنی ہے، وزیر داخلہ کے دورمیں کرسچین کمیونٹی کے لوگوں کو زندہ جلایا گیا، نام نہاد وزیر دفاع، وینٹی لیٹر وزیر دو دفعہ گراؤنڈ میں جلسہ کر چکا ہے، مریم اورنگزیب مِس انفارمیشن کبھی کونسلر نہیں بن سکتیں، انہوں نے عمران خان اورباقی لیڈرشپ کے توہین مذہب کے مقدمات درج کروائے، آج پھرانہوں نے مذہبی کارڈ کھیلا، مسلم لیگ کی سیاست تھرڈ کلاس سیاست ہے۔
سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان تحریک کے لیے تیارہوچکا ہے، چند لوگوں کوگرفتاریوں سے تحریک نہیں رکے گی، واحد حل ملک میں عام انتخابات کا اعلان کیا جائے، چیف الیکشن کمشنرسے جان چھڑائی جائے۔
عمران اسماعیل
سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ایک ایڈونچرکیا گیا، ایڈونچر کرنے والے اب خود پچھتا رہے ہیں، مسلم لیگ والے خود فرماتے ہیں ان کے ساتھ دھوکہ ہو گیا ہے، چوروں کے حوالے حکومت کردی گئی، حکومت کا ایک، ایک وزیر مال سمیٹنا چاہتا ہے، آج پی ٹی آئی نہیں پاکستان کی عوام کا جلسہ ہے، سیالکوٹ میں چھچوری حرکت کی گئی، آئندہ اگرہمارے کسی کارکن کوہاتھ لگایا توپھرحالات نہیں سنبھلیں گے، پی ٹی آئی چیئر مین بردباری کا مظاہرہ کر رہے ہیں، یہ جتنے مرضی کیسز معاف کرا لیں جیلوں میں ہی جائیں گے، باپ، بیٹا دونوں جیلوں میں جائیں گے، جن لوگوں نے ان کا ساتھ دیا وہ پچھتارہے ہیں، مسلم لیگ میں اس وقت پھوٹ ہے، چاچا اوربھتیجی جھک، جھک کرملتے ہیں لیکن اندرسے ایک دوسرے کے دشمن ہے۔
شنیلا روتھ
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شنیلا روتھ نے سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت نہ ملنے پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ مسیحی برادری پُر امن کمیونٹی ہے انہیں مہرہ بنایا گیا، احتجاج میں سرکاری ملازمین شریک تھے جو دوسرے شہروں سے آئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مارچ کو روکنے کے لیے حربے استعمال کیے جا رہے ہیں، اس گراؤنڈ میں ہر طرح کی تقریبات ہوتی ہیں، اس گراؤنڈ میں جلسے اور کرکٹ میچز ہوتے ہیں، اس گراؤنڈ سے متعلق غلط معلومات فراہم نہ کی جائیں۔
رہنما تحریک انصاف نے مزید کہا کہ مریم نواز اور کامران مائیکل نے چرچ کی بے حرمتی کی تھی، ماضی میں مسلم لیگ (ن) نے مسیحی برادری پر ظلم کیے ہیں، جوزف کالونی میں 48 گھنٹے آگ جلتی رہی تب آپ کی حکومت تھی، مسیحی برادری سے التجا ہے کہ آپ ان کے دھوکے میں نہ آئیں۔