عوام وعدہ کریں مجھے کچھ ہوا تو انصاف دلائیں گے: عمران خان

Published On 15 May,2022 08:32 pm

فیصل آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت ملک چلانے میں ناکام ہوچکی، روپیہ مسلسل نیچے، مہنگائی اوپر جارہی ہے، ملک کے خلاف سازش امریکا میں تیار ہوئی، پاکستان کے اندر میر جعفروں نے بھی ساتھ دیا، آج مفرور لندن میں بیٹھ کر ملکی فیصلے کر رہے ہیں، لانگ مارچ سے خوفزدہ لوگوں نے میرے قتل کی پلاننگ کر لی، سازشیوں کے نام لیکر ویڈیو ریکارڈ کرا دی ہے، عوام وعدہ کریں مجھے کچھ ہوا تو انصاف دلائیں گے، قوم غلامی قبول کرنے کو تیار نہیں، اسلام آباد پہنچ کر حقیقی آزادی حاصل کریں گے.

فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فیصل آباد میں تو ڈیزل کی کمی نہیں ہے، آپ کے جنون کو دیکھ کر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، میری قوم میرے ساتھ نکل رہی ہے، میں دیکھ رہا ہوں کہ ایک آزاد پاکستان بننے جا رہا ہے، فیصل آباد کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے، فیصل آباد پاکستان کیلئے ایک اہم شہر ہے، سب سے بڑا مسئلہ ملک میں بے روزگاری ہوتی ہے، میں نے ملک میں روزگار بڑھایا، ہمارےساڑھے 3 سال میں فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹری نے تمام ریکارڈ توڑدیئے، فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹری، پاور لومز بند ہورہی تھی۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ مرغی کی قیمت دوگنی ہوئی کیونکہ حمزہ شہباز مرغی کے کاروبار میں ہے، روپیہ گر رہا ہے اور مہنگائی بڑھ رہی ہے، اب بتائیں کیا آپ سے ملک سنبھل رہا ہے، اب بتائیں کیا آپ سے ملک سنبھل رہا ہے، ملک کیخلاف سازش امریکا میں تیار ہوئی، ملک کے میرجعفروں نے سازش سے حکومت گرائی، ہمارے دور میں چار فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، ہمارے دور میں ریکارڈ کسانوں کو پیسہ ملا، ہمارے دور میں ملکی دولت میں اضافہ ہو رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں بہت گرمی ہے، اگر میرے لیے گرمی نہیں ہے تو میرے نوجوانوں کیلئے بھی نہیں ہے، راناثنا اللہ نے 18 نہیں 22 قتل کیے ہیں، ان کی حکومت میں تب تک وزارت نہیں ملتی جب تک کوئی بڑا جرم نہ کیا ہو، آپ لوگوں سے صرف دو لفظ سنیں گے چور اور غدار، غلامی سے بہتر موت ہے، پاکستانی قوم نے ابھی اپنے اصل مقام پر پہنچنا ہے، اسلام آباد نکل کر ملک کو ان لوگوں سے آزاد کرانا ہے، بھگوڑا چور لندن میں بیٹھ کر پاکستان کے فیصلے کر رہا ہے، منشیات فروش ضمانت پر ہے اور کابینہ میں ہے، آصف زرداری گاڈ فادر بن کر بیٹھا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئی حکومت گئی ہے تو لوگ مٹھائی بانٹتے ہیں، میرے جانے کے بعد لوگ سڑکوں پر آگئے، جب سب ٹھیک ہورہا تھا سازش سے حکومت گرائی گئی، دنیا نے ہماری تعریف کی، ہم نے کورونا کے دوران ملکی معیشت اور لوگوں کو بچایا، بند کمروں میں کچھ دنوں پہلے پتہ چلا کہ عمران خان کا کیا کریں؟۔

 

 

Advertisement