لاہور: شہریوں کا خوب امتحان لینے کے بعد دوسری ہیٹ ویو کا زور ٹوٹ گیا

Published On 17 May,2022 09:27 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں جاری دوسری ہیٹ ویو کا زور ٹوٹ گیا۔ آج بھی درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات نے بدھ سے تیسری ہیٹ ویو شروع ہونے کے امکانات ظاہر کر دئیے۔

شہریوں کا خوب امتحان لینے کے بعد دوسری ہیٹ ویو کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ پیر کی طرح آج بھی لاہور میں بادلوں کی موجودگی اور ہوا نے گرمی کو پچھلے قدموں پر دھکیل دیا ہے۔ آج بھی شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ ماہرین موسم اِس وقتی کروٹ کو نعمت قرار دے رہے ہیں۔

ایک طرف سے اگر دوسری ہیٹ ویو کمزور پڑ گئی ہے تو دوسری جانب تیسری ہیٹ ویو بھی آنے کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بدھ سے لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں تیسری ہیٹ ویو شروع ہونے کے قوی امکانات ہیں جو زیادہ شدید ہوگی۔ خدشہ یہ بھی ظاہرکیا جا رہا ہے کہ آنے والے سالوں کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
 

Advertisement