اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 17 جولائی کو ہوں گے، الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں تقرر وتبادلوں اور نئے ترقیاتی کاموں پر پابندی عائد کردی ہے۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 30 مئی سے 3 جون تک جمع کرائے جا سکیں گے، کاغذات کی جانچ پڑتال 6 سے 8 جون تک ہو گی، اپیل 9 سے 11 جون تک دائر ہوں گی جبکہ 13 سے 15 جون تک اپیلیں نمٹائی جائیں گی۔
کاغذات نامزدگی 18 جون تک واپس لیے جا سکیں گے، انتخابی نشان 20 جون کو جاری کیے جائیں گے جبکہ بلدیاتی انتخابات 17 جولائی کو ہوں گے۔