اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں، مخلوط حکومت بڑے فیصلے نہیں کرسکتی، نیب آج تک میرے خلاف کیس میں کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا، مسلح افواج کا سربراہ ایسا شخص ہونا چاہیے جس پر کوئی داغ نہ ہو۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کو 4 سو سال پیچھے لے گئے، آج اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ جب تک ادارے عمران خان کیساتھ تھے سب اچھا تھا۔ جیسے ہی عمران خان کی کرسی کھسکی تو کوئی میرجعفر، میرصادق بن گیا۔
انہوں نے کہا کہ کبھی نیب کو کورونا ہو جاتا ہے، کبھی کچھ اور۔ پہلے درخواست دی جاتی تھی کہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو، نیب کے پاس ثبوت نہیں تو بطور شہری میرے حقوق سلب نہ کیے جائیں، جب سے کرسی ہلی ہے نیب کے پاس کوئی جواب نہیں، میرے خلاف اگر کوئی ثبوت ہے تو مجھے سزا دیں۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ افواج پاکستان ہمارے لئے محترم ادارہ ہے، پوری قوم افواج پاکستان کی طرف دیکھتی ہے، مسلح افواج کا سربراہ ایسا شخص ہونا چاہیے جس پر کوئی داغ نہ ہو۔ سابق حکمرانوں کے بدترین انتقام کےباوجود آج ن اور ش لیگ ایک ہیں، عمران خان عوام میں جائے اور لوگوں کو اپنی کارکردگی کا جواب دے، جو چورن وہ مہنگائی کا بیچے گا اب نہیں بکےگا۔