صوابی: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی ائٓی) کے چیئر مین عمران خان کی حکومت نے ملک میں جتنے مسائل پیدا کیے اُسے دو سے تین ماہ نہیں صحیح کرنے میں دو سے تین سال لگیں گے۔ پاکستان آخری سانسیں لے رہا ہے۔ پاکستان وینٹی لیٹر پر ہے۔
مسلم لیگ ن کے پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ صوابی والوں کو نوازشریف، شہبازشریف کا سلام پیش کرتی ہوں، لاہور لاہور ہوتا ہے چاہے خیبرپختونخوا میں ہو یا پنجاب میں ہو، یہاں کی عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، عوام نے ریاستی مشینری کا مقابلہ کر کے (ن) لیگ کوفتح دلوائی۔ جھوٹوں،ڈرامے بازوں،فتنہ بازوں سے پاکستان کی جان چھوٹی، شکرہے ان قومی مجرموں سے پاکستان کی جان چھوٹی، پاکستان کوجادو، ٹونے کے اڈے کی طرح چلانے والوں سے جان چھوٹی۔
انہوں نے کہا کہ اگلے الیکشن میں خیبرپختونخوا کی بھی عمران سے جان چھوٹنی چاہیے، 4 سال حکومت کرنے کے بعد چارسیکنڈ بھی کارکردگی نہیں بتاسکتا، جس کا دامن کارکردگی سے خالی ہوپھرجھوٹے خط کے ڈرامے کی ضرورت پڑتی ہے،سازش تو ایک بہانہ تھا مقصد کارکردگی چھپانا تھا، جھوٹا خط توایک بہانہ تھا مقصد کارکردگی چھپانا تھا، عمران خان جان لو، تمہارے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی، تمہیں نوازشریف، کسی غیرملکی سازش نے نہیں تمہارے اپنے ایم این ایزنے عدم اعتمادسے نکالا۔
ن لیگ کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان ڈرامے بازی، رونا، دھونا بند کرو، یہ اتنا بڑا قومی مجرم ہیں، 4 سال ہیلی کاپٹرمیں جھولے لیتا رہا، فرح خان کے ذریعے قومی دولت کو لوٹتا رہا، اس نے بیت المال، توشہ خانہ کو نہ بخشا، یہ عوام کے مسائل سے چارسال بے خبررہا، نااہلی کوسازش کے پردے میں چھپانے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کھائی میں گر رہا تھا اس لیے اسے عدم اعتماد کے ذریعے نکالا۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ پاکستان کو کھوکھلا کر کے گیا، پچیس ہزارارب کے قرضوں سے ایک اینٹ نہیں لگائی، ہم سمجھ رہے تھے، پاکستان آئی سی یو میں ہیں، اب پتا چلا پاکستان آئی سی یو نہیں وینٹی لیٹر پر آخری سانسیں لے رہا ہے، عمران کی بربادی کی وجہ سے آج پاکستان وینٹی لیٹر پر ہیں، یاد رکھنا ہم عمران خان کی طرح پچھلی حکومت کا رونا نہیں روئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف نے 2013ء میں لوڈشیڈنگ، مہنگائی، غربت، دہشت گردی کو ختم کیا تھا، ن لیگی قائد نے موٹرویزکے جال بچھائے، وعدہ کرتی ہوں میرے والد پاکستان کوٹھیک کرکے دکھائیں گے، یہ ایک یا دوماہ کا کام نہیں، دو،تین سالوں میں حالات بہترہوں گے۔ مسلم لیگ کوکہتی ہوں عمران خان کی بری کارکردگی کا ٹوکرا اپنے سراٹھانے کی ضرورت نہیں، عمران خان کوعوام میں جانے دوتاکہ لوگ سوال پوچھیں۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اس قاتل کی طرح ہیں جو سائیڈ پر جا کر کہتا ہے قتل کس نے کیا، انہیں کہتی ہوں فکرنہ کروثابت کریں گے قتل بھی تم نے کیا اورتمہیں بھاگنے نہیں دیں گے، کرسی ہلی تو دماغ بھی ہل گیا ہے، کبھی فوج، کبھی عدلیہ کیخلاف باتیں کرتا ہے، کہتا ہے یہ میرجعفراورمیرصادق ہیں، کرسی کھسک گئی تو تمہیں میرجعفر، میرصادق نظرآگئے، قوم تمہارے تماشے کو اچھی طرح سمجھتی ہے، شکایت یہ ہے جنہوں نے پہلے سر پر بٹھایا اب ساتھ دینے کو تیارنہیں، تمہاری غلاظت کا ٹوکرا افواج پاکستان کیوں اٹھائے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں خیبرپختونخوا والے الیکشن میں سوچ سمجھ کرفیصلہ کرنا، کیا پنجاب والی ترقی خیبرپختونخوا کا مقدرنہیں، کیا اچھی سڑکیں خیبرپختونخوا کا مقدرنہیں؟ خدا کے واسطے اگلے الیکشن میں (ن) لیگ کوووٹ دینا۔