بلوچستان بلدیاتی انتخابات :متحارب گروپوں میں لڑائی جھگڑے، 8 افراد زخمی

Published On 29 May,2022 12:41 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے دوران مختلف علاقوں میں لڑائی جھگڑے اور بدمزگی کے واقعات پیش آئے جس میں 8 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

 

 

لیویز حکام کے مطابق ڈیرہ بگٹی کوہلو کی یونین کونسل 06 وارڈ نمبر 02 ماکوڑی کے پولنگ اسٹیشن میں بد نظمی ،لڑائی کی وجہ سسے سے 8 افراد زخمی ہو گئے تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو حراست میں لے لیا، اور پولنگ اسٹیشن کے حالات کو نارمل کرکے پولنگ کو دوبارہ بحال کردیا۔

دوسری جانب دکی کی میونسپل کمیٹی وارڈ نمبر 2 میں پولنگ اسٹیشن پردوگروپوں کے درمیان لڑائی جھگڑے کا واقعہ ہوا پولیس نے بروقت مداخلت کر کے حالات کنٹرول کر لئے۔ چمن کے وارڈ نمبر 4 ایریگیشن پولنگ اسٹیشن پر دو گروپوں میں تصادم ہوا، دونوں جانب سے مشتعل افراد کی لڑائی مار کٹائی کے بعد پولیس نے حالات پر قابو پانے کیلئے ہوائی فائرنگ کی اور ہجوم کو منتشر کر دیا۔

جبکہ ڈیرہ بگٹی کے وارڈ نمبر 4 محلہ کالی پولنگ اسٹیشن میں بدمزگی کے باعث ریٹرننگ آفیسر اور عملے نے کچھ دیر کے لئے پولنگ روک دی تاہم 10 منٹ تاخیر کے بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا۔