مانسہرہ:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈٹ کر کھڑا ہونے کا دعویدار زرداری اور نواز شریف کے پاؤں پڑ گیا، سپر پاور کو دھمکیاں دینے والا پشاور کے بنکر میں چھپ کر بیٹھا ہے، دونمبر لیڈر کا بیانیہ، سازش اور مینڈیٹ سب دونمبر، انقلاب ہیلی کاپٹر پر سوار ہوکر نہیں آتا، حقیقی آزادی کا شور مچا کر اسلام آباد آنیوالے صبح سویرے فرار ہوگئے، جتنے مارچ کرنے ہیں کرلو، حکومت کو کچھ نہیں ہوگا، خیبر پختونخوا کے عوام نے انتشار اور فتنے پر مبنی لانگ مارچ مسترد کر دیا، شہبازشریف عمران خان کے لگائے زخم بھر کر جائیں گے۔
مانسہرہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مانسہرہ میں جلسےمیں نہیں اپنے گھر آئی ہوں، وزیراعظم شہباز شریف کو اپنے دوسرے گھر میں خوش آمدید کہتی ہوں، مانسہرہ نواز شریف کا تھا ہے اور رہے گا، ہزارہ نواز شریف کا تھا ہے اور رہے گا، ہزارہ موٹروے نواز شریف کی ہزارہ سے محبت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی کمر میں تکلیف ہے، وہ مانسہرہ کی محبت میں گاڑی میں آئے ہیں، شہباز شریف میرے دوسرے والد ہیں، ان سے محبت ہے، شہباز شریف پاکستان کا حقیقی خدمت گار ہے، شہباز شریف نے پنجاب کی تقدیر بدلی، وہ پاکستان کی قسمت بھی بدل دیں گے، وعدہ کرتی ہوں جو زخم عمران خان نے پاکستان کے سینے پر لگائے وہ زخم شہباز شریف، نواز شریف بھر کر جائیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا نے انتشار اور فتنہ پر مبنی لانگ مارچ کو مسترد کر دیا، عمران خان نے ناکام مارچ کیلئے خیبر پختونخوا کے وسائل استعمال کیے، کے پی کےعوام کا حق ناکام دھرنے کی نذر ہوگیا، جس ہیلی کاپٹر پر عمران خان دھرنے کیلئے آئے وہ خیبر پختونخوا حکومت کا تھا، عمران خان نے سرکاری ہیلی کاپٹر اور گاڑیوں کو دھرنے کیلئے استعمال کیا، دھرنے میں عوام نہیں آئے، کرینوں کی ضرورت نہیں پڑی، جب دھرنے کا وقت تو یہ صبح صبح اسلام آباد سے غائب ہوگیا، قوم کے بچے مرنے کیلئے اور اس کے بچے لندن میں ٹھنڈی ہوائیں لے رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ عوام کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دے گی، انقلاب ہیلی کاپٹر کے ذریعے نہیں آیا کرتا، انقلاب یوٹرن لے کر بنی گالہ جانے سے نہیں آتا، فتںہ، فسادی، انتشار کا مینڈیٹ، جعلی خط،عالمی سازش، انقلاب اور انقلابیوں کا لیڈر بھی 2 نمبر ہے، آپ کو حکومت سے نکالا تھا بنی گالہ سے نہیں، گرفتاری کے ڈر سے کیوں چھپے بیٹھے ہو، آڈیو لیک ہوئی جس میں یہ دو نمبری کر رہا تھا، آصف زرداری کے پاؤں پڑ رہا تھا، کہتے تھے ڈٹ کر کھڑا ہے کپتان، اصل میں پاؤں پکڑ رہا تھا کپتان، لانگ مارچ کی ناکامی پر اس نے نواز شریف کے پاس اپنے بندے بھیجیں، نواز شریف نے کہا کسی کی دھونس میں نہیں آؤں گا، یہ اب سپریم کورٹ کی منتیں کر رہا ہے، منتوں کا لب لباب یہ ہے کہ سپریم کورٹ 20 لاکھ بندہ بھیج کر اس کا لانگ مارچ کامیاب کرائے، اس وقت پاکستان کے عوام کو شہباز شریف کی ضرورت ہے۔