کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے بعد نئی ضلعی حکومتیں تشکیل دی جائیں گی جن کیلئے بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی بڑا چیلنج ثابت ہو گا۔
بلوچستان کے 32 اضلاع میں 9 سال بعد بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، اگلے مرحلے میں کوئٹہ اور لسبیلہ میں بلدیاتی انتخابات منعقد کیے جائیں گے، انتخابات کے بعد صوبے بھر میں لوکل حکومتوں کی تشکیل کا عمل شروع ہوگا، ضلعی حکومتوں کی تشکیل کے بعد صوبے کے کونسے اہم مسائل ہیں جنکے حل کے لیے اقدامات ترجیحات میں شامل ہونے چاہیں۔
بلوچستان میں بلا شبہ بنیادی ضروریات زندگی کی سہولیات کا فقدان اہم مسائل میں سے ایک ہے، ایسے میں نئی بننے والی لوکل حکومتوں کو چاہیے کہ صوبے کے عوام کے لیے پانی کی فراہمی، سڑکوں کی مرمت اور سیوریج جیسے اہم مسائل کا حل اولین ترجیحات میں شامل کریں۔
اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سے ہی گلی محلوں سمیت دیہات تک کے اہم مسائل حل کیے جا سکتے ہیں، اب دیکھنا یہ ہوگا کہ نئی ضلعی حکومتیں عوامی مسائل حل کرنے کے لیے کیا اقدامات اٹھائیں گی۔