اسلام آباد: (دنیانیوز) سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی سے استعفے دینے والی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے مشروط طور پر قومی اسمبلی میں واپسی کا عندیہ دیدیا۔
اپنے ایک بیان میں سابق وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا اسمبلی میں واپس جانا اس صورت ممکن ہے اگر الیکشن کی تاریخ کا اعلان کردیا جائے، حکومت الیکشن کی تاریخ دے دیتی ہے تو پھر اگلے الیکشن کے فریم ورک کے لیے تحریک انصاف ایوان میں جاکر بات کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ راجہ ریاض کے نامزد الیکشن کمیشن کے تحت تو انتخابات نہیں کروائے جاسکتے، الیکشن کمیشن کو ایک آزاد الیکشن کمیشن کی حیثیت میں واپس لانا ہے، انتخابی اصلاحات کا بل ابھی تک موخر ہے اس پر بات چیت ہوسکتی ہے۔ ان تمام چیزوں پر بات چیت اور سیاسی جماعتوں کے مابین بات چیت اور باہمی رابطہ ضروری ہے۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہلی شرط یہ ہے کہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے، اسمبلی کس تاریخ کو تحلیل ہونی ہے؟ وزیر اعظم اس کا اعلان کریں تو باقی سب کچھ ممکن ہے۔