حکومت دیامر بھاشا ڈیم کو جلد مکمل کرنے کے لیے پُرعزم

Published On 04 June,2022 07:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کو جلد مکمل کریں گے، ترقیاتی فنڈز کا زیادہ تر حصہ بلوچستان کی ترقی میں استعمال ہوگا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے کئی اسکیمیں رکھی ہیں، میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ دیں گے، فنی تربیت کے پروگرام کا جال پورے ملک میں پھیلائیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سائبر سیکیورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کو تربیت دیں گے، ہر طالب علم کو سبسڈی پر لیپ ٹاپ فراہم کریں گے۔ آج سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں آئندہ مالی سال کے لیے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کی سفارشات تیار کی ہیں، آئندہ مالی سال پی ایس ڈی پی کا حجم 800 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے جب حکومت چھوڑی ترقیاتی بجٹ ایک ہزار ارب روپے تھا، مگر ہمیں 500 ارب کا ترقیاتی بجٹ اور خزانہ خالی ملا ہے۔ سابق حکومت نے 44 فیصد ترقیاتی بجٹ کو صوبائی بنادیا، فنڈز کی کمی سے قومی منصوبے متاثر ہوئے، گوادر بندرگاہ کی ترقی نہیں ہوئی، بجلی پانی کے لیے فنڈز نہیں دیے گئے، سابق حکومت نے 40 فیصد بجٹ کو گلیوں نالیوں کی نذر کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کو جلد مکمل کریں گے، ترقیاتی فنڈز کا زیادہ تر حصہ بلوچستان کی ترقی میں استعمال ہوگا، گوادر میں پانی اور بجلی کے مسائل کے حل کے لیے بجٹ مختص کیا جا رہا ہے، ای گورنمنٹ کے لیے ایک منصوبہ شروع کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ سال 90 فیصد جاری منصوبوں پر خرچ کریں گے، اعلیٰ تعلیم کا بجٹ بڑھائیں گے، روڈز اور پورٹ شپنگ کو زیادہ وسائل دیں گے، انفارمیشن اور سائنس ٹیکنالوجی پر توجہ دیں گے، ای گورنمنٹ فنڈ قائم کریں گے۔

 

 
Advertisement