کراچی:(دنیا نیوز) رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین 51 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سیاسی نمائندگی کی، وزیر مذہبی امور رہے تو ٹی وی اینکر کے بطور پر بے پناہ شہرت بھی سمیٹی، مرحوم نے تین شادیاں کیں انکی نجی زندگی مختلف نشیب و فراز کے سبب خبروں کی زینت بھی بنی رہی۔
ڈاکٹرعامرلیاقت حسین پانچ جولائی 1971 کو کراچی میں پیدا ہوئے، اپنی 51 سالہ زندگی میں متحرک سیاستدان رہے، وہ ایک براڈکاسٹر، ٹی وی ہوسٹ اور کالمسٹ تھے۔، عامر لیاقت حسین نے 2002ء میں قومی انتخابات میں حصہ لیا اور متحدہ قومی موومنٹ کی وابستگی سے قومی اسمبلی میں نشست حاصل کی۔، انہیں وزارت مذہبی امور کی زمہ داریاں دی گئیں۔
عامر لیاقت نے 4 جولائی 2007ء کو وزارت مذہبی امور اور قومی اسمبلی کی رکنیت سے سے استعفی دیا، مارچ 2018ء میں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی تھی، حلقہ این اے 245 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، مارچ 2022 میں پی ٹی آئی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے جانے کے بعد انہوں نے تحریک انصاف کا ساتھ چھوڑ دیا۔
ڈاکٹر عامر لیاقت نے بطور ٹی وی اینکر بھی بے پناہ شہرت سمیٹی، مختلف ٹی وی چینلز میں مذہبی پروگراموں کی میزبانی کی، اپنی زندگی میں ڈاکٹرعامرلیاقت حسین نے تین شادیاں کیں، مختلف نشیب و فراز کے سبب انکی نجی زندگی بھی خبروں کی زینت بنی رہی، پہلی شادی سیدہ بشریٰ اقبال سے کی جو طلاق پر ختم ہوئی، دوسری شادی اداکارہ سیدہ طوبیٰ سے کی جو خلع پر ختم ہوئی جبکہ تیسری شادی لودھراں کی دانیہ شاہ سے کی اس کا بھی انجام اچھا نہ ہوا۔