لاہور: (ویب ڈیسک) مالی سال 2022-23ء کا 4 ہزار ارب سے زائد خسارے کا 9 ہزار 502 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا گیا، اس بجٹ میں حکومت کی طرف سے سگریٹ پر ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بجٹ پیش کیا۔اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر ارکان نے بھی شرکت کی جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے حسب معمول ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا اور اپوزیشن کی نشستیں خالی رہیں۔
بجٹ کی تقریر کے دوران مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ سگریٹ پر مزید ٹیکس عائد کیا جائے گا، آئندہ مالی سال کے دوران اس شعبے سے مزید 50 ارب روپے ٹیکس اکٹھے کیے جائیں گے، سگریٹ کے شعبے سے ٹیکس کا ہدف 150 ارب روپے سے بڑھ کر 200 ارب روپے ہو جائے گا۔
دوسری طرف چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) عاصم احمد نے کہا کہ نئے بجٹ میں مقامی سگریٹس پر ایکسائز ڈیوٹی کو بڑھایا گیا ہے۔ نئے بجٹ میں مقامی سگریٹس پر ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے اور فی سگریٹ 20 پیسے سے 40 پیسے مہنگا ہو جائے گا۔