لاہور:(محمد حسن رضا سے) پنجاب میں قانونی و آئینی بحران تو دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی سنجیدگی پر سوالات کھڑے ہونے لگے، پنجاب اسمبلی اجلاس کئی گھنٹے تاخیر کا شکار رہا، بجٹ اجلاس تو شروع نہ ہوا لیکن عثمان بزدار ایوان میں ہاتھ دکھانے لگ گئے۔
رکن پنجاب سعدیہ سہیل رانا کو سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اپنا ہاتھ دکھایا، ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا سے پوچھا کہ بتائیں میری قسمت میں دوبارہ وزیراعلیٰ بننا ہے؟ اور کیا میں جیل تو نہیں جاؤں گا؟ جس پر سعدیہ سہیل رانا نے مسکراتے ہوئے جواب دیا آپ کا ہاتھ بہت شفاف اور اچھا ہے، آپ ہمیشہ خبروں کی زینت بنے رہیں گے، آپ کا مستقبل بہترین ہے، آپ کو کچھ نہیں ہوگا ہاتھ کی لائنیں بتا رہی ہیں کہ آپ مین سٹریم میں رہیں گے۔
سعدیہ سہیل رانا نے مزید کہا کہ آرام سے بزدار صاحب آپکو تفصیلات بتائیں گے، عثمان بزدار نے جوابا کہا بیٹھ جائیں ابھی بہت وقت ہے، فارغ ہی بیٹھے ہیں، یہاں اب کونسا کام ہے۔
ایم پی اے نے اس حوالے سے دنیا نیوز کو بتایا کہ بجٹ اجلاس وقفہ کے دوران عثمان بزدار کا ہاتھ دیکھا، ان کا ہاتھ بتاتا ہے کہ وہ بہت اہمیت رکھتے ہیں، انکا ہاتھ شفاف اور بہترین ہے، ان کی شادی کی ایک ہی لائن ہے، انکا ہاتھ بتاتا ہے کہ یہ مستقبل میں مین سٹریم پوزیشن پر ہی رہیں گے، مشکلات ضرور آئیں گی اور بھی بہت کچھ پوچھا ہے، کچھ بتایا بھی اور بھی بہت کچھ ہے جو بتا نہیں سکتی، البتہ عثمان بزدار کو کہا کسی وقت آرام سے دیکھ کر تفصیل بتاؤنگی بجٹ سیشن مکمل ہونے کے بعد ہاتھ دیکھ کر بزدار صاحب کو مزید بتاؤنگی۔