پنجاب اور خیبر پی کے کابینہ نے مالی سال 2022-23 کے بجٹ کی منظوری دے دی

Published On 13 June,2022 02:11 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اور خیبر پختونخوا کابینہ نے مالی سال 2022-23 کے بجٹ کی منظوری دے دی۔

پنجاب کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیرصدارت ہوا، کابینہ اجلاس میں ضمنی بجٹ مالی سال 2021۔22کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس میں نئے مالی سال کے مالیاتی بل اور مالی سال2021۔22 کے نظرثانی شدہ تخمینہ جات کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2022-23 ، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے اورپنشن میں اضافے کی بھی منظوری دی، 15 فیصد سپیشل الاونس کی ادائیگی کو بھی منظوری کیا گیا ہے۔صوبائی کابینہ نے کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے ایم او یو کی منظوری بھی دی ہے۔

وزیراعلی حمزہ شہباز نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی وزراء، چئیرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام نے دن رات محنت کر کے بہترین بجٹ دستاویز تیار کی ۔ بجٹ میں صوبے کے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کیلئے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ میں مشاورت پر یقین رکھتا ہوں۔ یہ بجٹ سیاسی و انتظامی ٹیم کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس پشاور میں ہوا،صوبائی کابینہ نے مالی سال 2022‪-‬23 بجٹ کی منظوری دیدی ۔ اجلاس کے دوران آئندہ مالی سال کے لئے 1 ہزار 332 ارب روپے بجٹ کی منظوری دی گئی،تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 15 فیصد کا اضافہ کیا گیا، اس اضافے میں پولیس کو بھی شامل کیا گیا ہے،کابینہ اجلاس میں جنگلات میں لگی آگ بجھانے میں شہید ریسکیو اہلکارکیلئے شہدا پیکج کا اعلان کیا گیا جبکہ کابینہ نےتاریخ میں پہلی مرتبہ 63 ہزار ملازمین کی مستقلی کی بھی منظوری دی۔
 

Advertisement