کراچی : حلقہ این اے 240 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری، سخت سکیورٹی انتظامات

Published On 16 June,2022 09:02 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے کورنگی میں حلقہ این اے 240 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا آغاز ہوگیا،ووٹ ڈالنے کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔سکیورٹی اقدامات کے تحت رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

ضمنی انتخاب کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد 25 امیدوار میدان میں ہیں جن میں متحدہ ،پی پی ،ٹی ایل پی،پی ایس پی اورمہاجرقومی موومنٹ کے امیدوار شامل ہیں۔ پی ٹی آئی نے ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کیا ہے، جماعت اسلامی نے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا ۔حلقے میں 309 پولنگ سٹیشنز کے اندر 1 ہزار 236 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جبکہ 203 پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس جبکہ 106 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے 182 پولنگ سٹیشنز کورنگی اور 127 لانڈھی میں قائم کئے گئے ہیں، ضمنی انتخاب میں 5 لاکھ 29 ہزار 855 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں دو لاکھ 94 ہزار سے زائد مرد اور 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد خواتین ووٹرز رجسٹرڈہیں۔
 

Advertisement