ملتان: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان نے مائینز بچھائی ہیں جس کی وجہ سے معاشی استحکام کیلیے مشکل فیصلے کرنا پڑ گئے ہیں،اگر فارن فنڈنگ کے فیصلے میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں تو جلد ہی عمران خان جیل میں ہونگے۔
ملتان میں دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ناقص خارجہ پالیسی سے دوست ممالک کو ناراض کیا جس کی وجہ سے معاشی مسائل کافی حد تک بڑھ گئے ہیں جس کیلئے میجر سرجری کی ضرورت ہے، اگر اسحاق ڈار کو پاکستان آنے دیا جائے تو صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ٹیم نے اربوں روپے کی کرپشن کی جس کے ثبوت موجود ہیں اور اگر خان صاحب ایماندار ہیں تو پھر فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے سٹے کیوں لے رکھا ہے جبکہ اسی سلسلے میں الیکشن کمیشن پر دباو بڑھانے کیلئے مختلف طریقوں سے حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
عابد شیر علی نے کہا کہ ملک میں بجلی بحران اور قیمتوں میں اضافے کی ذمہ دار بھی سابقہ حکومت ہے اور وسیم اکرم پلس جیسی ٹیم نے ملک کا ستیاناس کر دیا لیکن مشکل وقت میں ن لیگ نے ملک کی باگ دوڑ سنبھال لی ہے اور اب عوام کو مزید مایوس نہیں کریں گے۔
اس موقع پر عابد شیر علی نے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور پی پی 217 کے ضمنی انتخاب کے امیدوار زین قریشی پر آف شور کمپنی بنانے کا الزام لگایا جبکہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے اور خطے کے عوام کے حقوق کیلئے کردار ادا کرنے کا بھی عزم کیا۔