اسلام آباد : (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف کے ساتھ کیے ہوئے معاہدے پر عمل نہ کیا تو ملک دیوالیہ ہو جائے گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے کے تحت پٹرول کی قیمت 300 روپے ہونی چاہیے، یہ وہی معاہدہ جو عمران خان حکومت نے آئی ایم ایف سے کیا، یہ جولائی 2019 کا آئی ایم ایف معاہدہ ہے جو سابق حکومت نےکیا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف حکومت نے اپنی طرف سے ایک ٹیکس نہیں لگایا، معیشت کی بہتری کیلئے حکومت کڑوا گھونٹ پی رہی ہے، شہباز شریف بطور وزیراعظم آئی ایم ایف معاہدے کے پابند ہیں، اگر ہم اس معاہدے کو توڑتے تو پاکستان خدانخواستہ خسارے میں جاتا ۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلے بجٹ پر پیٹرول پر لیوی اور سیل ٹیکس بڑھانے کا معاہدہ کیا گیا تھا، عمران خان کو پتہ چلا کہ حکومت جانے والی ہے توجاتے ہوئے ملکی معیشت پر وار کیا، عمران خان کا خیال تھا کھیلوں گا نہ اگلی حکومت کو کچھ کرنے دوں گا، عمران خان کا خیال تھا کہ اگر میں جاؤں گا تو اگلی حکومت کو برباد کر کے جاؤں گا۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت رخصت ہوتی ہے تو عوام کو کارکردگی بتاتی ہے، عمران خان کوپتہ ہی نہیں تھا کہ معیشت کیسے چلانی ہے، عمران خان 4 سال تک ملکی معیشت سے کھلواڑ کرتے رہے، معیشت خراب ہوگئی تو پاکستان کا پیسہ گروی رکھاگیا۔