لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ چار سال احتساب کے نام پر انتقام کا ڈرامہ رچایا گیا، سابق حکمران اپوزیشن پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمات بنانا چاہتے تھے، عمران خان نے اپنی حکومت چلانے کیلئے اداروں کا استعمال کیا، ن لیگ کسی کی ذاتی زندگی میں مداخلت نہیں کرتی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 سال میں احتساب کے نام پر انتقام کا ڈرامہ چلا، سابق حکمران اپوزیشن پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمات بناناچاہتے تھے، عمران خان سیاسی اور ذاتی زندگی میں خواتین کا استعمال کرتے ہیں، سابق چیئرمین نیب سے بھی مرضی کے فیصلے لینے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کسی کی ذاتی زندگی میں مداخلت نہیں کرتی، سابق دور حکومت میں میڈیا کو سچ بولنے کی اجازت نہیں تھی، سابق چیئرمین نیب کے خلاف خاتون کو ہراساں کرنے کی تحقیقات نہیں ہوئیں، عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری نے متعدد بار طیبہ گل سے ملاقات کی، عمران خان نے خاتون کی ویڈیو کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان نےمالم جبہ، پرویزخٹک کے خلاف کیسز نہ کھولنے کی گارنٹی لی، سابق وزیراعظم نے مرضی کے فیصلوں کیلئےعدلیہ پر دباؤ ڈالا، نیب میں خواتین سے مرد اہلکار تحقیقات کرتے رہے، سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے خلاف فیصلوں کا احترام کیا، نواز شریف گرفتاری کے بارے میں جانتے ہوئے اپنی بیٹی کیساتھ وطن واپس آئے، سابق دور حکومت میں آٹا، چینی اور ادویات کا اسکینڈل سامنے آیا۔