عمران خان نے ملک اورریاستی مفادات کو کوڑیوں کے دام بیچا، مریم اورنگزیب

Published On 15 June,2022 07:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ملک اور ریاست کے مفادات کو کوڑیوں کے دام بیچا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے انتقام کے سوا کچھ نہیں کیا، سابق حکومت کی نيت کام کی نہيں تھی، ان کی نيت صرف لوٹ مار اور اثاثوں ميں اضافے کی تھی، آپ کرکيا رہے تھے جو آپ کے خلاف سازش ہوگی؟ عمران خان نے ملک اور ریاست کے مفادات کو کوڑیوں کے دام بیچا، انہوں نے ملکی مفاد پر ڈاکا ڈالا۔ انہیں پتہ چلا کہ عدم اعتماد کامیاب ہورہی ہے توملک معیشت کی بارودی سرنگیں کھودیں۔

وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں بنی گالہ منی گالہ بنا ہوا تھا، ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا، فرح گوگی کی بات کرو توعمران خان تڑپنا شروع ہوجاتے ہیں، عمران خان نے چندے کے پیسے سے منی لانڈرنگ کی، ہر وہ خبر جوعمران خان کے اسیکنڈلز کو بے نقاب کرتی ہے وہ اس پر ردعمل دیتے ہیں۔ عمران خان ایک طرف کہتے ہیں کہ بیرون ملک سازش ہوئی،دوسری طرف کہتے ہیں کہ اس سازش کا 8 ماہ پہلے پتہ تھا، ان سےکہنا چاہوں گی کہ پہلے بیانیہ تو ٹھیک کرلیں۔

امریکا میں پاکستان سفیر کے مراسلے کے حوالے سے مریم اورنگزیب نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا توعمران خان وزيراعظم تھے، ان کے پاس بیرون ملک سازش کے ثبوت تھے تو اس اجلاس میں پیش کرتے، عمران خان نے مراسلے پر 8 سے 28 مارچ تک خاموشی کيوں رکھی؟ جب آپ کا اسکينڈل سامنے آتا ہے رياست پر حملہ کرديتے ہيں۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے سازش کے بیانیے پر واضح بیان دیا، اداروں نے آئینی پوزیشن کو اختیار کیا جو آپ کوپسند نہیں آیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے حکومت دن رات کام کررہی ہے اور اپنے منصوبوں کو پورا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ہم مشکل فیصلے ضرور کررہے ہیں لیکن عوام کے لیے ہی کام کررہے ہیں، حکومت نے مشکل وقت میں بھی عوام دوست بجٹ دیا۔ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرکے کہہ رہے ہیں کہ عدالت انہیں ریلیف دے، عمران خان انتظار کریں، ابھی وہ پارلیمان سے باہر کیے گئے ہیں، وہ آئندہ الیکشن میں بھی مسترد ہوں گے۔
 

 
Advertisement