کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال سے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 سے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق 9 جون 2022ء کو پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت انتقال کر گئے تھے۔ الیکشن کمیشن نے این اے 245 میں ضمنی انتخاب کاشیڈول جاری کردیا ہے، اس حلقے میں پولنگ 27 جولائی کو ہو گی جبکہ کاغذات نامزدگی 22 سے 24 جون تک جمع ہوں گے۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین 2018 کے عام انتخابات میں این اے 245 پر ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار کو شکست دے کر پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو شہریوں نے مسترد کر دیا ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے استعمال سے کل جیسے حالات پیدا نہیں ہوتے، ایم کیو ایم کے وفاقی وزیر امین الحق نے بھی ای وی ایم کی حمایت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کابینہ میں بارہا مردم شماری کا معاملہ اٹھایا لیکن اب پرانی مردم شماری پر بلدیات کے الیکشن ہونے جا رہے ہیں۔ موجودہ حکومت نے ایم کیو ایم کا کونسا معاہدہ پورا کیا؟ کیا ایم کیو ایم کے دفاتر کھل گئے یا کارکنان رہا ہوئے؟ یہ حیدر آباد اور کراچی میں سیاسی ایڈمنسٹریٹر لانا چاہتے ہیں لیکن دونوں شہروں میں میئر پی ٹی آئی کا ہو گا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف اب بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کو لانگ مارچ یاد نہیں آ رہا۔
پی ٹی آئی رہنما نے 19 جون کو کراچی میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی کال پر کراچی سمیت پاکستان بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاج ہو گا۔