کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پولیس نے پی ٹی آئی کے ایم پی اے شبیر قریشی کو گرفتار کرلیا، ریاستی جبرقرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدرعلی زیدی نے شبیرقریشی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
کراچی میں علی الصبح پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114 سے منتخب پی ٹی آئی ایم پی اے شبیر قریشی کو انکی رہائش گاہ سے گرفتار کیا۔ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے رکن سندھ اسمبلی کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے آج کیے جانے والے مہنگائی مارچ کوناکام کرنے کے لیے متحرک ایم پی اے کی گرفتاری کی گئی۔ انہوں نے شبیر قریشی کی رہائی کامطالبہ کیا۔
ٹوئٹر پیغام میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے پولیس ایکشن کو ریاستی جبر قراردیا، ان کا کہنا تھا شبیر قریشی کو فوری رہا کیا جائے۔
سائٹ تھانے کی پولیس نے شبیر قریشی کی جانب سے خاتون سے دست درازی کے الزام پر مقدمہ درج کرلیا۔ ایف آئی آر کے مطابق خاتون نے الزام لگایا ہے کہ شبیر قریشی نے نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا اور دست اندازی کی۔