لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں دو انتخابی گروپوں میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ سے لیگی رہنما نذیر چوہان اور پی ٹی آئی رہنما خالد گجر کے بیٹے زخمی ہو گئے، ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پی صدر کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔
لاہور میں پی پی 167کا انتخابی حلقہ میدان جنگ بن گیا۔ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان لڑائی جھگڑا اور فائرنگ واقعہ اللہ ھو چوک کے قریب پیش آیا۔ فائرنگ سے لیگی رہنما نذیر چوہان اور پی ٹی آئی امیدوار خالد گجر کے بیٹے زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ الیکشن مہم کے بعد گھر واپس جا رہا تھا کہ اللہ ھو چوک کے قریب پی ٹی آئی کارکنوں نے فائرنگ کی، فائر لگنے سے بیٹا معاذ اور ڈنڈوں کے وار سے گارڈز زخمی ہوئے۔
پی ٹی آئی رہنما خالد گجر کا کہنا تھا کہ نذیر چوہان ہمارے آفس کے سامنے آکر فلیکسز اتار رہے تھے، نذیر چوہان مسلح افراد اور ڈولفن سکواڈ کی موجودگی میں حملہ کرواتے رہے۔ بیٹے اور بھتیجے کی حالت تشویشناک ہے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد اور حماد اظہر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمارے لوگوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، ملک میں اس وقت جنگل کاقانون ہے جومرضی کرلیں، جیت پی ٹی آئی کی ہوگی۔ تھانہ جوہر ٹاؤن میں پی ٹی آئی وکلاء کی جانب سے نذیر چوہان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کروا دی گئی۔