لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ این آر او نے اس ملک کو معاشی اور اخلاقی طور پر نا قابل تلافی نقصان پہنچایا، نیب ترامیم کے خلاف خاموش نہیں بیٹھیں گے، ہر آئینی اور قانونی فورم سے رجوع کیا جائے گا۔
عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں نیب ترامیم کا جائزہ لیا گیا۔ عمران خان نے نیب قوانین میں ترمیم پر سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ جانتا تھا کہ یہ اقتدار میں آ کر اپنے آپ کو بچائیں گے، ریفارمز کے نام پر اپنے کیسز بند کرنے کی کوشش کی گئی۔
اجلاس میں خرم دستگیر کے حالیہ بیان کا بھی جائزہ لیا گیا۔عمران خان نے کہا خرم دستگیر کا بیان ثبوت ہے کہ یہ این آر او لینے کیلئے حکومت میں آئے، مہنگائی اور عوامی مسائل امپورٹڈ حکومت کی ترجیح نہیں،اجلاس میں خواجہ آصف کا صدر مملکت سے متعلق بیان کوشرمناک اور حلف سے انحراف قرار دیا گیا۔