گوادر: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے مسائل جلد حل کرنے کے خواہاں ہیں، گوادر کے ماہی گیروں کو کشتیوں کیلئے 2 ہزار انجن فراہم کریں گے۔
وزیراعظم نے گوادر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ ماہ کے دوران گوادر کا آج دوسرا دورہ ہے، گوادر کے لوگوں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، وفاقی حکومت بلوچستان کے مسائل جلد حل کرنے کی خواہاں ہے۔ جب تک مقامی شہریوں کے مسائل حل نہیں ہوتے، تمام ترقی بے معنی ہے۔ ماہی گیروں کو کشتیوں کیلئے 2 ہزارانجن میرٹ پر فراہم کریں گے۔
اس سے پہلے وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے خطاب میں کہا کہ گوادرکی ترقی بلوچستان اورپاکستان کی ترقی ہے، گوادر کے مسائل کے حل اور منصوبوں کی تکمیل ہمارا عزم ہے، صوبائی بجٹ میں گوادر کیلئے 1652 ملین رکھے گئے ہیں، گوادر کو پانی کی فراہمی کیلئے بھی بجٹ میں حصہ رکھا گیا ہے، سرحدی علاقوں میں کمرشل مارکیٹس کا قیام عمل میں لایا جائیگا، بلوچستان میں غیرضروری چیک پوسٹوں کوختم کر رہے ہیں۔ گوادر کے تعلیمی اداروں کیلئے 700 ملین مختص کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم ایک روزہ دورے پر گوادر میں موجود ہیں جہاں وہ انڈس ہسپتال اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مابین عالمی معیار کے ہسپتال کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے جبکہ قبائلی عمائدین سے ملاقات بھی ان کے شیڈول میں شامل ہے۔