اسلام آباد: (دنیا نیوز) 27 جولائی کو ہونے والے کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 کے ضمنی انتخاب کے لیئے کاغذات نامزدگی فارم جمع کرانے کا وقت ختم ہوگیا، دو روز کے دوران 27 سیاسی و مذہبی جماعتوں پر مشتمل 31 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
ریجنل الیکشن کمشنر کراچی و این اے 245 کے لیئے مقرر کردہ ریٹرننگ افسر ندیم حیدر کےمطابق ایم کیو ایم پاکستان 5، پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے 4،4 پی ایس پی اور ٹی ایل پی 3،3 جبکہ جے یوآئی ف اورمسلم لیگ ن کے 2،2 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے،اسکے علاوہ مہاجر قومی موومنٹ، اے پی ایم ایل،عام لوگ اتحاد پارٹی اورپاکستان مسلم الائنس کے 1،1 ، 1 امیدوار نے کاغذات جمع کروائے۔
4 آزاد امیدواروں میں ایم کیو ایم پاکستان کے سابق سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی کاغذات جمع کروائے۔ فاروق ستار کو اس نشست پر 2018 کے عام انتخابات میں شکست ہوئی تھی،
صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی25 جون ابتدائی فہرست جاری ہونے کےبعد27 جون کو کاغذات کی جانچ پڑتال ہو گی، 30 جون تک ریٹرننگ افسرکےفیصلوں کےخلاف اپیل کی جاسکتی ہےجبکہ5 جولائی کوامیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی، 6 جولائی کو اُمیدوار دستبردار ہو سکتے ہیں، انتخابی نشانات الاٹ کی تاریخ 7 جولائی مقرر کی گئی ہے۔