ضمنی انتخاب: ملتان کا حلقہ پی پی 217 توجہ کا مرکز، پندرہ اُمیدوار میدان میں اتر گئے

Published On 20 June,2022 09:47 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کا صوبائی حلقہ پی پی 217 توجہ کا مرکز بن گیا، حلقے میں سترہ جولائی کو ضمنی انتخابات ہونگے، پندرہ اُمیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے، ن لیگ کے اُمیدوار سلمان نعیم اور تحریک انصاف کے زین محمود قریشی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

ملتان میں تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی سلمان نعیم کے منحرف ہونے پر ضمنی الیکشن 17 جولائی کو ہو گا جس کیلئے جماعت اسلامی اور تحریک لبیک سمیت پندرہ امیدوار میدان میں ہیں تاہم بڑا مقابلہ پی ڈی ایم کے حمایت یافتہ ن لیگی امیدوار سلمان نعیم اور تحریک انصاف کے زین محمود قریشی کے مابین ہے جنہوں نے ناراض ووٹرز کو قائل کرنے کیلئے کارنر میٹنگز کا سلسلہ شروع کر دیا ہے لیکن دونوں امیدواروں کو ہی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کے اقدامات کے حوالے سے تحفظات ہیں۔

ضمنی الیکشن میں 2 لاکھ 13 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جس کیلئے 125 پولنگ اسٹیشن پر 373 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں تاہم ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کا موقف ہے کہ ضابطہ اخلاق کی پابندی لازمی ہے جس کیلئے امیدواروں کا وٹس ایپ گروپ بنا دیا ہے۔

ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پی ڈی ایم کی قیادت اور تحریک انصاف کے چئیرمین نے جلسوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے بھی 17 جولائی کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی اداروں کی مشاورت سے خصوصی پلان ترتیب دے دیا ہے۔
 

Advertisement