لاہور میں انتخابی مہم، تشدد اور فائرنگ، الیکشن کمیشن کی انکوائری کی ہدایت

Published On 19 June,2022 05:23 pm

لاہور:(دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں انتخابی مہم کے دوران تشدد اور فائرنگ پر الیکشن کمیشن نے ایکشن لیتے ہوئے سی سی پی او کو واقعہ کی شفاف انکوائری کی ہدایت کردی ہے۔

حلقہ صوبائی اسمبلی پی پی 167 لاہور میں دو امیدواروں کے گروپوں کے درمیان فائرنگ اور تشدد کے واقعات پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کو ہدایت دی کہ وہ آئی جی پنجاب سے رابطہ کریں، کسی سیاسی وابستگی کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر آئی جی پنجاب واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائیں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے آئی جی پنجاب کو واقعہ کی شفاف انکوائری کروا کر رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیشں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے دنوں میں آئی جی پنجاب اور انتظامیہ گن کلچر، تشدد اور تخریب کار عناصر سے سختی سے نپٹے، اس حوالے سے زیرو ٹالیرنس پالیسی رکھے اور کسی قسم کی نرمی نہ برتے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے تفصیلی رپورٹ مرتب کرنے اور ضابطہ اخلاف کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی یقینی بنانے کا حکم جاری کیا۔

فائرنگ کے معاملہ پر الیکشن کمیشن نے ن لیگ اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کو پیر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے امیدواران کو نوٹس جاری کر دئیے۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق امیدواران کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور اسلحے کے استعمال پر نوٹس جاری کئے گئے، پیر 20 جون کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے سامنے پیش ہونے کے احکامات جاری، تشدد اور فائرنگ کے واقعہ کی فوری اور غیر جانبدارانہ کاروائی کو یقینی بنایا جائیگا۔

 

Advertisement