این اے 240: ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی ٹی ایل پی کی درخواست مسترد

Published On 17 June,2022 09:37 pm

کراچی:(دنیا نیوز) این اے 240 کورنگی کے ریٹرننگ افسر نے ضمنی انتخاب میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار کی درخواست مسترد کردی۔

آر او عبدالرزاق نے درخواست کے جواب میں کہا ہے کہ شکایت کنندہ کے دعوے کے مطابق 299 پولنگ سٹیشن کا نتیجہ آنے کے بعد آر ٹی ایس سسٹم 30 منٹ تک غیر فعال رہا اور پھر باقی نتائج شکایت کنندہ کے خلاف رہے، اسی لیے انہوں نے حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا لیکن وہ اس حوالے سے کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کرسکے۔

اس کے علاوہ درخواست میں تاریخ اور شکایت کنندہ کے اصل دستخط بھی موجود نہیں ہیں، ان کا آر ٹی ایس سسٹم غیر فعال ہونے کا دعویٰ بھی درست نہیں کیونکہ سسٹم میں کوئی خرابی نہیں آئی جبکہ پولنگ سٹیشن51، 165 اور 166 پر گڑبڑ کے صرف 3 واقعات رپورٹ ہوئے لیکن اس کی بھی مکمل انکوائری کرائی جاچکی ہے جس کے باعث تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے دوبارہ گنتی کی درخواست کو مسترد کررہے ہیں۔
 

Advertisement