راولپنڈی:(دنیا نیوز) شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلے میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 7 ملک دشمن جہنم واصل ہوئے، 2 سکیورٹی اہلکار فرض قربان ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں سمیت دیگر کارروائیوں میں ملوث تھے۔
سکیورٹی فورسز کی جانب سے کئے گئے آپریشن میں دہشتگردوں کے قبضہ سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 44 سالہ صوبیدار منیر حسین جن کا تعلق پاراچنار اور 38 سالہ حوالدار بابو خان جن کا تعلق ڈی آئی خان سے تھا نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔