اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر داخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اگر دھاندلی ہوتی رہی تو پاکستان میں انارکی پھیلے گی اور 17 جولائی کو بھی ایسا ہوا تو خون خرابا ہوگا۔
اسلام آباد کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ایسی صورتحال میں جمہوریت کو نقصان پہنچتا ہے، معیشت دم توڑ دے گی، ایم کیو ایم کو تو کل پتہ لگ جانا چاہیے ،سابق وزیرداخلہ شیخ رشید اے این پی کو پتہ لگ گیا ، بی اے پی کہیں دکھائی نہیں دے رہی۔
شیخ رشید نے کہا کہ کراچی انتخاب میں گولیاں چلی اور لوگ مرے ہیں، لاہور اور فیصل آباد کے ضمنی انتخاب میں بہتر انتظامات ہونے چاہئیں کیونکہ کل بھی سندھ میں انتخابات کے دوران 2 افراد انتقال کر گئے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ عالمی سازش سے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لایا گیا لیکن عمران خان کی سیاست عدم اعتماد تحریک اور سازش سے بڑی ہے، اس وقت 13 رکنی سازشی اتحاد حکومت میں ہے۔
اس سے قبل، پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے معاملے پر اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت نے شیخ رشید، شہریار آفریدی اور خرم نواز کی ضمانت منظور کی۔
سیشن جج کامران بشارت مفتی نے سماعت کی، ملزمان کی درخواست ضمانت پانچ پانچ ہزار روپے مچلکوں پر منظور کی گئی۔