اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کا قیمتی زرمبادلہ بچانے کے لیے افغانستان سے اعلی کوالٹی کا کوئلہ ڈالرز کی بجائے روپے میں درآمد کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں افغانستان سے درآمد شدہ کوئلے کی نقل و حمل کا نظام بہتر بنانے کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔وزیر اعظم نے عالمی منڈی میں کوئلے کی بڑھتی ہوئی قیمت پر گہری تشویش کا اظہار کیا، اور اسے ملک میں کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس سے مہنگی بجلی پیدا کرنے کا بنیادی سبب قرار دیا۔
وزیراعظم نے ملک کا قیمتی زرمبادلہ بچانے کے لیے افغانستان سے اعلی کوالٹی کا کوئلہ ڈالرز کی بجائے روپوں میں درآمد کرنے کی منظوری دی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر صرف ساہیوال اور حب پاور پلانٹس کے لیے درکار کوئلے کی افغانستان سے درآمد پر امپورٹ بل میں سالانہ 2.2 ارب ڈالر سے زیادہ کی بچت ہو گی۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کوہدایت کی کہ وہ اس مقصد کے لیے موثر نظام وضع کریں، تاکہ ملک میں سستی بجلی پیدا کر کے گھریلو صارفین اور صنعتوں کو ریلیف پہنچایا جاسکے۔
شہبازشریف نے وزارت ریلوے کو بھی ہدایت کی کہ وہ افغانستان سے درآمد شدہ کوئلے کی پاور پلانٹس تک جلد از جلد ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں۔
وزیر اعظم نے درآمدی عمل کو تیز تر بنانے کے لیے وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں تمام متعلقہ حکام کی کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔