وزیراعلی کا ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں سہولتوں کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنانے کا فیصلہ

Published On 28 June,2022 12:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف صوبے کے عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے سرگرم ہیں،انہوں نے تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں صحت کی سہولتوں کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبے کے عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام نے شرکت کی، سیکرٹری صحت نے محکمے کی کارکردگی اور صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں ہیلتھ کیئر کی سہولتیں بہتر بنانے کا پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی۔


حمزہ شہباز نے 85 تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کو بہتر بنانے کے پروگرام بھی منظوری دے دی، حمزہ شہباز نے 85 تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں سہولتوں کی بہتری کے پروگرام کو 6 سے 8 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہسپتالوں کی او پی ڈیز کو کم سے کم وقت میں بہتر بنایا جائے، او پی ڈیز میں مریضوں کو ہر ممکن سہولتیں ملنی چاہئیں، اس پروگرام پر پیش رفت کا خود جائزہ لوں گا، شعبہ صحت میں جاری منصوبوں کو جتنی جلدی ممکن ہو مکمل کیا جائے، ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کو دور کرنے کا روڈمیپ تیار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ہسپتالوں کے دورے کئے ہیں صفائی کے انتظامات غیر تسلی بخش تھے، ہسپتالوں میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے، محکمہ صحت اس ضمن میں جامع پلان مرتب کرکے عمل درآمد یقینی بنانے، علاج معالجے کی بہترین سہولتیں عام آدمی کا حق ہے جو اسے ہر صورت ملنا چاہیے۔