سندھ ہائیکورٹ میں 7 ایڈیشنل ججز کی تقرری، جوڈیشل کمیشن کا اجلاس موخر

Published On 28 June,2022 08:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ میں 7 ایڈیشنل ججز کی تقرری کے معاملے پر اکثریتی رائے سے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس موخر کر دیا گیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں 7 ایڈشنل ججز کی تقرری کے معاملے پر چیف جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا۔ چیف جسٹس نےعلیل ہونے کے باعث اجلاس کی صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سپین سے ویڈیو لنک پر اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ججز کے لیے 3 ضلعی عدلیہ اور 4 وکلاء کے ناموں پر غور کیا گیا۔

امجد علی بوہیو سیشن جج، راشد سولنگی جج اے ٹی سی، سعد قریشی سیشن جج، ارباب ہاکڑو ایڈووکیٹ، عبدالرحمان ایڈووکیٹ، خرم رشید ایڈووکیٹ اور خادم حسین سومرو ایڈووکیٹ کے ناموں پر غور کیا گیا۔ بعد ازاں اکثریتی رائے سے جو ڈیشل کمیشن کا اجلاس موخر کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ کمیشن کا اجلاس موخر ہو گیا۔ کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔بہت اچھے ماحول میں آئندہ کے لیے مثبت گفتگو ہوئی۔

Advertisement