فیصل آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز شریف نے آکر ملک میں تباہی پھیلائی، امپورٹڈ حکومت کے آتے ہی برآمدات نیچے چلی گئیں، تین ماہ میں ہر شعبے کا براحال ہوگیا، ٹیکسٹائل فیکٹریاں بند ہوگئیں، ہزاروں مزدور بے روزگار ہوگئے، لوگ اب ان کرپٹ لوگوں سے نجات چاہتے ہیں۔
فرخ حبیب نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام بھرپور طریقے سے عمران خان کے ساتھ ہیں شہباز شریف نے آکر ملک میں تباہی پھیلائی، عوام ایک خوددار پاکستان اور لیڈر دیکھنا چاہتے ہیں، عمران خان کی کال پر عوام باہر نکلے، سائنسدانوں کا تجربہ بری طرح ناکام ہوچکا، ہوش کے ناخن لیں، فوری انتخابات کروا کر ملک کو استحکام کی طرف لے کر جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اب کہتے ہیں تنگی کا ناچ نچایا جارہا ہے، امریکی ڈگڈگی پر ناچنے کا فیصلہ آپ کا اپنا ہے، ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی جیت ہوگی، دھاندلی نہیں کرنے دیں گے، مقبولیت ناپنے کا پیمانہ الیکشن ہے، آپ عوام میں نہیں جاسکتے اس لیے انتخابات سے بھاگ رہے ہیں، دھاندلی کی کوشش کی توعوام جواب دیں گے۔
سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو گیس کی فراہمی معطل ہوچکی، چوروں کو ریلیف اور عوام کو تکلیف دی جارہی ہے، انہوں نے عمران خان پر ذاتی نوعیت کے حملے کیے، حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ کیا، نالائق شہباز شریف کی بد انتظامی کھل کر سامنے آگئی ہے۔