پرویز الٰہی سے امریکی نمائندہ خصوصی کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

Published On 04 July,2022 04:42 pm

لاہور:(دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے کمرشل و کاروباری امور دلاور سید نے ملاقات کی، ملاقات پاک امریکا تعلقات، پارلیمانی و باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات کے فروغ کیلئے باہمی رابطے، تجارت اور عوامی سطح پر وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں کی ضرورت ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کی شراکت داری کو 75 سال ہو چکے ہیں، امریکا پاکستان کے لئے سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ ہے، اقتصادی ترقی کے لیے دونوں ممالک کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں، پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی اور صحت سمیت دیگر شعبہ جات میں شرکت داری مزید مستحکم ہونی چاہیے، سلیکون ویلی میں پاکستان اور امریکا کا داخلہ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

نمائندہ خصوصی دلاور سید کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے مابین خوشگوار تعلقات بڑھانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، امریکا پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پر عزم ہے۔

سپیکر نے دلاور سید کو پنجاب اسمبلی میں ہونیوالی قانون سازی سے آگاہ کیا، نمائندہ خصوصی دلاور سید کو پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان اور بلڈنگ کا دورہ بھی کروایا۔

ملاقات میں مس گایا، علاقائی پالیسی لیڈر برائے امریکی بین الاقوامی ترقیاتی مالیاتی کارپوریشن، کیتھلین گبیلیسکو، سیاسی اور اقتصادی سربراہ برائے امریکی قونصلیٹ لاہور، پولیٹیکل اینڈ اکنامک سپیشلسٹ امریکی قونصلیٹ صدف سعد بھی شریک ہوئے۔
 

Advertisement