لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ق نے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت کر دی، اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی نے کہا ہے کہ 17 جولائی کے الیکشن میں حکومت دھاندلی اور پولیس کے استعمال سے باز رہے ورنہ سخت عوامی ردعمل سامنے آئے گا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی سے مسلم لیگ ق راولپنڈی کے صدرزبیر خان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال اور ضمنی انتخابات بارے بات چیت کی گئی،
پرویز الہی نے کہا کہ پارٹی رہنما تحریک انصاف کے امیدواروں کی بھر پور مہم چلائیں، تجربہ کاری کا دعوی کرنے والے عوام کے سامنے بری طرح ایکسپوز ہوچکے ہیں، موجودہ حکمرانوں سے خیر کی کوئی توقع نہیں۔ معشیت کو تباہ کر کے عوام کو مزید بری خبروں کے لیے تیار رہنے کا کہنا جاریا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکمران عوام کو ریلیف تو نہیں دے سکے روز نیا ٹیکس لگا دیا جاتا ہے،بجلی ، گیس پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے دو ر ہوچکی ہیں، 17 جولائی کے الیکشن میں حکومت دھاندلی اور پولیس کے استعمال سے باز رہے ورنہ سخت عوامی ردعمل سامنے آئے گا ،پنجاب کی جعلی غیر آئینی حکومت پولیس کا سیاسی مخالفین کے خلاف بدترین استمعال کر رہی ہے۔