پنجاب میں دو نمبر حکومت قائم ہے: چودھری پرویز الٰہی

Published On 22 June,2022 05:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب میں دو نمبر حکومت قائم ہے، آئی ایم ایف کی تمام شرائط کے ساتھ یکطرفہ معاہدے خود کر رہے ہیں آئی ایم ایف کی طرف سے کچھ نہیں اور نام عمران خان کا لگاتے ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی سے صدر پاکستان مسلم لیگ ضلع خوشاب اور ٹکٹ ہولڈر چودھری رضوان مختار رندھاوا نے وفد کے ہمراہ یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں سبطین شیرازی جنرل سیکرٹری ضلع خوشاب، شازیہ کوثر صدر خواتین ونگ خوشاب، چودھری احمد سعید صدر یوتھ ونگ خوشاب، ملک انور صدر ہیومین رائٹس اور ملک احسن عمران انفارمیشن سیکرٹری کلچرل ونگ شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دو نمبر حکومت قائم ہے، جعلی حکمرانوں کو عوام کی حمایت حاصل نہیں، روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی کا جینا مشکل ہو گیا ہے، جعلی حکمرانوں نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے، آئی ایم ایف کی تمام شرائط کے ساتھ یکطرفہ معاہدے یہ خود کر رہے ہیں جبکہ آئی ایم ایف کی طرف سے کچھ نہیں اور نام عمران خان کا لگا رہے ہیں۔

چودھری پرویزالٰہی نے ضمنی الیکشن کے حوالے سے پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ہم تحریک انصاف کی بھرپور سپورٹ کریں گے، تحریک انصاف کے امیدواروں کے ساتھ مل کر ان کی الیکشن مہم چلائی جائے، ڈور ٹو ڈور رابطہ عوام مہم شروع کی جائے، کارنر میٹنگ اور جلسوں کا انعقاد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی ورکر الیکشن مہم میں ایسے شرکت کریں جیسے وہ خود الیکشن لڑ رہے ہیں، ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار کھڑے ہیں اس لیے جاندار مہم چلا کر تحریک انصاف کو سیٹیں جتوائی جائیں۔
 

Advertisement